Monday May ۲۰, ۲۰۱۹

عمران خان پوری قوم کی امید ہیں۔

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 05 مئی2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اوراسٹار آل رائونڈرشاہدخان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی امید ہیں، وقار یونس سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، کتاب میں بھارتی پبلشر نے غلط عمر درج کردی،ڈپارٹمنٹل کرکٹ سے نئے کھلاڑیوں کا مستقبل جڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شاپنگ مال میں شاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجر کی تقریب رونمائی ہوئی جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میں بھارتی پبلشر نے غلط عمر درج کردی جسے آئندہ ایڈیشن میں درست کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میری پیدائش 1977 کی ہے، کتاب میں میری عمر 1975 تحریر ہے لیکن 1977 میں پیدا ہوا، کتاب کی ای کاپی میں درست عمر تحریر ہے۔

واضح رہے کہ بوم بوم آفریدی کی پیدائش آفیشل سال 1980 ہے۔سن 2010 میں ہونے والے فکسنگ تنازع کے حوالے سے بوم بوم آفریدی نے کہاکہ میچ فکسنگ سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کو بتادیا تھا لیکن کسی نے اس پر کان نہ دھرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی امید ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ جو لوگ ان کے اردگرد ہیں وہ بھی ویسے ہی ہو جائیں۔ تمام سینئرز کی عزت کرتا ہوں اگر کسی کے بارے میں منفی بات کی ہے تو اس کے بارے میں مثبت حقائق بھی بیان کیے ہیں، سابق کپتان وقار یونس سے میرا کوئی ذاتی مسئلہ نہیں رہا، اختلافات تو بھائیوں میں بھی ہوجاتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہاکہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ سے نئے کھلاڑیوں کا مستقبل جڑا ہے لہذا پی سی بی کے پاس پلان بی کیا ہے،امید ہے عمران خان اور بورڈ نے تبدیلیوں کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کیا ہوگا۔آفریدی نے محمد عامر کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کی حمایت کردی، انھوں نے کہا کہ قومی اسکواڈ متوازن ہے،امید ہے کہ شاداب خان اور حفیظ جلد صحتیاب ہو کر کپتان سرفراز احمد کو دستیاب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور مینجمنٹ نے پلیئرز پر بہت محنت کی ہے، امید ہے ٹیم ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، انگلش کنڈیشنز کے پیش نظر پیسر محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل ہونا چاہیے۔

About The Author

Related posts