جمعرات 27 جون 2019

حمزہ شہباز نے ایک بار پھر نیب احکامات ہوا میں اڑا دیے

حمزہ شہباز نے ایک بار پھر نیب احکامات ہوا میں اڑا دیے

لاہور: آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ الزامات کا جواب دینے کیلئے قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز شریف کو آج طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم 6 گھنٹے تک حمزہ شہباز کا انتظار کرتی رہی۔ نیب نے حمزہ شہباز کو آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا تھا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز کو 6 بار طلب کیا تاہم وہ صرف دو بار پیش ہوئے۔ نیب نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا۔

ادھر ذرائع کے مطابق فنانشل مینجمنٹ یونٹ سے اہم ریکارڈ نیب کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ نیب کے مطابق 23 ٹرانزیکشنز میں سے 18 مبینہ فرنٹ مینوں یا قریبی افراد کے ذریعے کی گئیں۔

شریف فیملی کی کمپنی کے چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے 3 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بے نامی اکاؤنٹس میں رقم رکھتے تھے جسے کیش کرایا جاتا رہا۔

شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے خطیر رقم فضل داد عباسی کی معاونت سے بیرون ملک بھجوائی۔ حمزہ شہباز نیب تحقیقات میں عدم تعاون کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف کی جانب سے نیب کے سوالات کے جوابات نہ دئیے گئے۔ حمزہ شہباز سے سوال کیا گیا کہ اربوں روپے کہاں سے آئے تاہم وہ جواب پر خاموش ہو جاتے تھے۔
 

About The Author

Related posts