جمعرات 27 جون 2019

شوال کا چاند نظر آگیا، قوم کو عیدالفطر مبارک

شوال کا چاند نظر آگیا، قوم کو عیدالفطر مبارک

اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور 5 جون کو پاکستان میں عیدالفطر ہوگی۔

مفتی منیب الرحمٰن نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں میری صدارت میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین اور محکمہ موسمیات کے سربراہ شریک ہوئے اور ذونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی مختلف شہروں میں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ذونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، جس میں فیصل آباد، کشمور، ڈیرا بگٹی، رحیم یار خان، صادق آبادل، پسنی، ژوب، ٹیکسلا، گھوٹکی، بہاولپور، راجن پور، جیکب آباد اور کوہلو سمیت اور دیگر مقامات پر چاند نظر آگیا ہے بعض جگہ جم غفیر نے دیکھا اور ابھی اطلاعات مسلسل آرہی ہیں۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ‘اسی لیے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ آج چاند نظر آگیا ہے اور یکم شوال المکرم یعنی عیدالفطر بدھ 5 جون کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کی تجویز

ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے آسٹریلیا، بھارت، مصر، اردن، لبنان، مراکش، عمان، فلسطین سوڈان، شام، تیونس، ازبکستان، ترکمانستان، بوسنیا، شمالی امریکا جس میں امریکا اور کینیڈا شامل ہیں سمیت دیگر ممالک شامل جن کا وقت ہم سے وقت 10 تا 12 گھنٹے ہم سے پیچھے ہے اور جو لوگ رویت پر فیصلہ کرتے ہیں ان سب کی عید کل ہمارے ساتھ ہوگی’۔

سعودی عرب اور خیلجی ممالک میں آج عید منائی گئی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے ایک روز قبل ہی عیدالفطر سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا تھا جبکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا اور آج وہاں عید منائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا حکومت کا منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے 28 روزوں کے بعد عیدمنانے پر ایک روزے کا کفارہ ادا کرنے اور روزہ دوبارہ رکھنے کا بھی اعلان کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ ‘خیبر پختونخوا میں عید کے اعلان سے قبل وزیراعظم عمران خان کو اطلاع دی گئی تھی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ کا معاملہ ہے آپ بہتر سمجھتے ہیں’۔

انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ‘مفتی منیب کے کہنے پر روزہ رکھا مگر ایک دن پہلے والا روزہ ٹھیک تھا، اب ایک روزے کا کفارہ ادا کریں گے اور روزہ دوبارہ رکھیں گے’۔

مزید پڑھیں:مفتی پوپلزئی پشاور میں نظر آگئے

انہوں نے کہا کہ ‘رویت ہلال کمیٹی میں اختلافات ہیں، ہر شعبے میں ریٹائرمنٹ ہوتی ہے، مفتی منیب کو بھی کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوجانا چاہیے’۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں آج عید مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے کہنے پر نہیں منائی گئی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کئی روز قبل ہی قمری کیلنڈر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی پر اخراجات کی ضرورت ہے نہیں اور کیلنڈر کے مطابق روزے رکھنے اور عید منانے کا آسان حل موجود ہے جس پر علما کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے 28 روزوں کے بعد سرکاری سطح پر عیدالفطر منانے کا اعلان کیا جبکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی پہلے ہی اعلان کرچکے تھے تاہم مفتی پوپلزئی کے اعلان کے مطابق 29 روزے مکمل ہوگئے تھے۔

About The Author

Related posts