ہفتہ 20 جولائی 2019

وزیر خارجہ کی مائیک پومپیو سے گفتگو،مختلف امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ کی مائیک پومپیو سے گفتگو،مختلف امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(یوروپوسٹ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق لندن میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت پاکستان کے طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک ۔ امریکا باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کے داخلی کنٹرول کو بہتر بنایا گیا ہے۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہم آہنگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ہونے والی ملاقات، حال ہی میں امن و یکجہتی کے لیے افغانستان ۔ پاکستان ایکشن پلان کے تحت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس اور اب افغان صدر کے عنقریب متوقع دورہ پاکستان سے واضح ہو رہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی روابط فروغ پا رہے ہیں۔

About The Author

Related posts